29

شعیب ملک نے بیٹے کی تصویر جاری کی

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے بالآخر اپنے بیٹے کی تصویر جاری کر دی ہے ۔جبکہ ثانیہ مرزا اس سے قبل کئی مرتبہ اپنے بیٹے کی جھلک سوشل میڈیا پر اپنے پرستاروں کو دکھا چکی ہیں۔

شعیب ملک اور ہندستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ہاں رواں سال31 اکتوبر کو بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے’ اذہان مرزا ملک‘رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ثانیہ مرزا اس سے قبل بھی کئی مرتبہ اپنے بیٹے کی جھلک سوشل میڈیا پر اپنے پرستاروں کو دکھا چکی ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ اسٹار جوڑی کے اسٹار بیٹے کی واضح تصویر سامنے آئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ثانیہ مرزا سے جب پوچھا گیا کہ انہوں نے آج تک اذہان کی کوئی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیوں نہیں کی تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آپ مجھے دقیانوسی کہیں یا جو بھی مگر میں نظر بد پر یقین رکھتی ہوں۔ہمارے بچے کوتوجہ کی ضرورت ہے،وہ ابھی بہت چھوٹا ہے۔میں نے اور شعیب نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کی ہر طرح سے حفاظت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں ان لوگوں پر تنقید کر رہی ہوں جو اپنے بچوں کی تصویریں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں۔ثانیہ مرزا سے ان کی ٹینس میں واپسی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں دوبارہ کھیلنا چاہتی ہوں ، ٹینس سے مجھے پیار ہے مگر جب میں امید سے ہوئی تو مجھے اپنی ترجیحات بدلنی پڑیں۔

میں بالکل واپس آؤں گی، اور میں جب واپس آؤں گی تو سب پھر سے ویسا ہی ہو جائے گا۔ثانیہ مرزا نے اگلے سال کے آخر میں ٹینس میں واپسی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں کوئی خاص تاریخ نہیں بتا سکتی مگر میرا ارادہ 2019 کے آخر میں ٹینس دوبارہ شروع کرنے کا ہے۔ثانیہ مرزا چاہتی ہیں کہ وہ ایک اچھی ماں اور اچھی کھلاڑی ہونے کا حق ادا کریں، ابھی ان کا بچہ بہت چھوٹا ہے وہ عمر کے اس حصے میں ہے، وہ اس کو وقت دینا چاہتی ہیں۔وہ چاہتی ہیں کہ جب کھیل میں واپس آئیں تو ساری توجہ ٹینس پر ہو ، وہ خود پر کوئی اضافی دباؤنہیں ڈالنا چاہتیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں