36

سوشل میڈیا کی اصطلاحات

طاہر عمران
سوشل میڈیا پروڈیوسر،بی بی سی اردو.
سوشل میڈیا ہر گزرتے دن کے ساتھ ہماری زندگی میں اہمیت اختیار کر رہا ہے جہاں خبروں او ر معلومات کے لیے کروڑوں افراد آپس میں ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ ٹوئٹر اور فیس بک اس دور کی مقبول ترین ویب سائٹس ہیں جن کے کروڑوں صارفین دنیا بھر میں موجود ہیں۔

ایرک قولمین کی کتاب سوشل نامکس کے مطابق ہر پانچ میں سے ایک تعلق انٹرنیٹ کی وجہ سے بنتا ہے اور کئی طلاقوں کی وجہ بھی سوشل میڈیا قرار دیا جاتا ہے۔

فیس بک پر موجود لوگوں کو اگر ایک ملک کی آبادی کے مطابق جانچا جائے تو یہ دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے اور سوشل میڈیا ویب پرحاوی ہے جبکہ جسٹن بیبر، کیٹی پیری اور لیڈی گاگا کے ٹوئٹر فالوورز جرمنی، ترکی، جنوبی افریقہ، ارجنٹائن، مصر اور کینیڈا کی آبادی سے زیادہ ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہر قسم کی بات کی جا سکتی اور ہر نسل اور رنگ کے لوگ اپنی پسند کے مطابق لوگ ڈھونڈ سکتے ہیں جن کے ساتھ تعلقات بہت بار حقیقی زندگی کے تعلقات میں بدل جاتے ہیں۔

تاہم سوشل میڈیا پر باتیں کرنے والوں کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ وہ جو بھی بات کر رہے ہیں اس کے لیے انہیں جوابدہ ٹھہرایا جا سکتا ہے اور اگر کسی کو اس بارے میں کوئی شکوک و شبہات ہیں تو انہیں للت مودی بنام کرس کئیرنز کیس کا مطالعہ ضرور کر نا چاہیے جس کے نتیجے میں للت مودی کو نوے ہزار پاؤنڈ سے زیادہ جرمانہ ادا کرنا پڑ گیا تھا۔

ایک اہم بات یہ ہے کہ فیس بک اور ٹوئٹر دونوں ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور اگر آپ ٹوئٹر پر کوئی بات لکھتے ہیں تو فیس بک آپ کو سہولت دیتا ہے کہ آپ اسے فیس بک کی اپنی پروفائل پر بھی دکھا سکیں۔

بہت سے لوگ یہ نہیں جانتے کے کہ ٹویٹ کیا ہے اور کمنٹ کیا ہوتا یا شئیر کیسے کیا جاتا ہے۔

بی بی سی اردو کے لیے سوشل میڈیا پر نظر رکھنے کے دوران مجھ سے اکثر قارئین ان الفاظ کے بارے میں پوچھتے ہیں تو ان سب کے لیے کچھ نمایاں الفاظ اور اصطلاحات کے بارے میں معلومات پیش خدمت ہیں۔

ٹوئٹر
یہ ایک مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ہے جس کی تعریف سے ظاہر ہے کہ یہ مختصر طور پر اظہار رائے کی جگہ ہے۔ اس ویب سائٹ پر آپ اپنی رائے کا اظہار ایک سو چالیس حروف میں کرتے ہیں۔ اس پر آپ اپنی پسند کے اداروں اور شخصیات اور کئی دوسری پسند کی چیزوں پر نظر رکھ سکتے ہیں اور یہ دنیا میں ہونے والے حالات و واقعات پر نظر رکھنے کا سب سے بہتر ذریعہ ہے۔

ٹویٹرز
جو صارفین ٹوئٹر استعمال کرتے ہیں انہیں زیادہ تر ٹویٹرز کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ بعض لوگ ٹویپس اور ٹویپلز کے ناموں کا بھی استعمال کرتے ہیں۔ امریکی صدر براک اوباما سے لے کر پاکستانی وزیر داخلہ رحمٰن ملک، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سب ٹویٹرز ہیں۔

ٹوئٹر فالوورز
ٹوئٹر پر آپ کو مختلف لوگ جو آپ کی باتوں، کام یا دلچسپیوں سے ہم آہنگی رکھتے ہیں یا پسند کرتے ہیں فالو کر سکتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ جو بات بھی ٹوئٹر پر لکھیں گے وہ ان تک پہنچے گی۔ اگر آپ کسی فالوور کو نا پسند کرتے ہیں یا وہ آپ کو ٹرول کر رہا ہے تو آپ اسے بلاک کر سکتے ہیں۔

ٹوئٹر پر فالو کرنا
اگر آپ کسی صحافی، گلوکار، سیاستدان، ادارے، بینک، چینل، اخبار یا کسی بھی شخصیت کو پسند کرتے ہیں اور ان کی باتوں یا کاموں میں دلچسپی رکھتے ہیں تو ٹوئٹر آپ کو یہ سہولت دیتا ہے کہ آپ ان کو فالو کر کے ان تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ میرے تجربے میں یہ آیا ہے کہ باقی تمام ذرائع کی نسبت ٹوئٹر پر جلدی جواب دیا جاتا ہے۔

ٹائم لائن
آپ جن افراد کو فالو کرتے ہیں ان کی لکھی ہوئی ٹویٹس اور آپ کی ٹویٹس آپ کے صفحے پر آتی ہیں جسے ٹائم لائن کہتے ہیں۔

ٹوئٹر پر ٹیگ کرنا
آپ کسی بھی شخصیت یا ٹوئٹر کے اکاؤنٹ رکھنے والے شخص کو ٹیگ کر سکتے ہیں۔ جس کا مطلب ہے کہ آپ ان تک اپنی بات پہنچا سکتے ہیں جو ان کے کنیکٹ یا انٹریکشن کے صفحے پر ظاہر ہو گی۔ اس ذریعے سے بہت سارے افراد مختلف سیاستدانوں اور صاحب الرائے افراد تک اپنی بات پہنچاتے ہیں اور اکثر اس کا جواب بھی دیتے ہیں۔

ٹوئٹ
ٹوئٹر پر آپ کے ایک سو چالیس حروف میں اظہار رائے کو ٹویٹ کہا جاتا ہے۔

RT – ری ٹوئٹ
اگر آپ کی بات کسی کو پسند آجائے اور وہ اسے اپنے فالوورز تک پہنچانا چاہتے ہیں تو وہ اس کو ری ٹویٹ کریں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ کی کہی ہوئی بات زیادہ افراد تک جائے گی۔ مثال کے طور پر اگر آپ کے سو فالوورز ہیں اور ایک ہزار فالوورز رکھنے والی کوئی شخصیت آپ کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتی ہے تو آپ کی لکھی ہوئی بات ایک ہزار گیارہ ٹویٹرز تک پہنچ جاتی ہے۔

مثال کے طور پر صدر اوباما کی دوسری بار صدر کے بارے میں ٹویٹ نے عالمی سطح پر ری ٹویٹس کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

MT ایم ٹی
اگر آپ کسی کی ٹویٹ میں ردوبدل کرکے یا مختصر کر کے دوبارہ ٹویٹ کرتے ہیں تو اس سے پہلے اگر آپ ایم ٹی لگا دیں تو پڑھنے والے سمجھ جائیں گے کہ آپ نے اصل بات میں تبدیلی یا اختصار سے کام لیا ہے اور وہ اصل ٹویٹ کرنے والے کی زبان دانی اور فہم و ادراک کے بارے میں قیاس آرائیوں سے اجتناب کریں گے۔ اس سے اصل ٹویٹ کرنے والے کے جملہ حقوق بھی متاثر نہیں ہوتے۔

ٹویٹ پِن کرنا
ٹوئٹر کے حال ہی میں جاری کیے گئے نئے ڈیزائن میں آپ اپنی بہترین ٹویٹ یا ایسی ٹویٹ جسے آپ چاہتے ہیں کہ لوگ زیادہ دیر تک دیکھ سکیں کو سب سے اوپر پِن کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ پِن کرنے کا مطلب ہے کہ یہ ٹویٹ تب تک سب سے اوپر رہے گی جب تک آپ اسے ہٹائیں گے نہیں۔ اس کے نتیجے میں لوگ آپ کی ٹائم لائن پر موجود بہت سارے مواد میں سے بہتر مواد تک رسائی آسانی سے حاصل کر سکیں گے چاہے وہ کوئی ویڈیو ہو یا لنک۔

ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنا
ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے کے مطلب ہے کہ ایک موضوع یا بحث ایک ملک، خطے یا پوری دنیا میں لاکھوں لوگوں کا موضوع بحث ہو اور بیک وقت وہ اسی موضوع پر بات کر رہے ہوں۔ اس میں بحث میں شامل لفظ کا استعمال اہم ہے۔

ٹوئٹر پر ٹرینڈ ایک ملک کی سطح یا پوری دنیا میں کیا جاسکتا ہے جیسا کہ صدر اوباما کا دوسری بار انتخاب عالمی سطح پر فوری ٹرینڈ کیا تھا۔

Hash Tag – ہیش ٹیگ
اکثر جگہ پر آپ مختلف الفاظ کے ساتھ یہ # نشان دیکھتے ہیں جسے ہیش ٹیگ کہتے ہیں۔ یہ نشان کسی بھی لفظ یا مجموعہ الفاظ کے ساتھ لگا کر انہیں ٹوئٹر کے نظام میں اکٹھا کرنے میں مدد دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اکثر جب ایک بحث کا آغاز کیا جاتا ہے یا کوئی مہم چلائی جاتی ہے تو اس کے لیے ایک ہیش ٹیگ بنایا جاتا ہے اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ صارفین اس کا استعمال کریں تاکہ جاری کرنے والے کے لیے تمام ٹویٹس کو اکٹھا کرنے میں آسانی ہو۔

DM – ڈی ایم
اگر دو ٹویٹرز ایک دوسرے کو فالو کرتے ہوں تو ٹوئٹر انہیں ایک دوسرے کو ڈی ایم یا براہ راست پس پردہ پیغامات بھجوانے کی سہولت دیتا ہے جو ایک سو چالیس الفاظ میں ہوتا ہے اور ان دونوں کے علاوہ کسی اور کی رسائی اس تک نہیں ہوتی۔

ٹرول
ٹرول سوشل میڈیا کی زبان میں ایک ایسے شخص ٹوئٹر ہینڈل یا پروفائل کو کہتے ہیں جو بغیر کسی وجہ کے کسی معاملے پر مسلسل کسی دوسرے شخص کو تنقید کا نشانہ بنائے یا بے جا یا کسی وجہ سے ہراس کرے اور اپنی بات کو ٹھونسنے کی کوشش کرے گی۔

یہ یاد رہے کہ مندرجہ بالا تعریف ایک بنیادی کوشش ہے اس لفظ کی تعریف کرنے کی کیونکہ اس لفظ کی تعریف اگر بعض افراد سوشل میڈیا کے دہشت گرد کے طور پر کرتے ہیں تو بعض کے خیال میں یہ خبطی اور فارغ الاوقات لوگ ہوتے ہیں جنہیں لوگوں کو تنگ کرنے کے سوا کوئی اور کام نہیں ہوتا۔

یاد رہے کہ میری حساب سے اگر ایک شخص ٹرول ہے تو ضروری نہیں کہ وہ آپ کے لیے بھی ویسا ہی ہو اس لیے اس لفظ کے اطلاق کے بارے میں ابھی سوشل میڈیا بہت منقسم ہے۔

فیس بک
فیس بک ایک سماجی ویب سائٹ ہے جو دوستوں کے ایک نیٹ ورک پر کام کرتی ہے۔ اس ویب سائٹ پر آپ ایک صفحے یا پروفائل کی صورت میں موجود ہوتے ہیں جو کہ ایک فرد واحد یا ادرے اور تنظیم کی بھی ہو سکتی ہے۔ فیس بک میں پروافائلز پر فرینڈز اور صفحوں پر فین کی صورت میں لوگ نظر آتے ہیں۔

پروفائل
یہ وہ صفحہ جس پر آپ اپنی معلومات اور اپنے بارے میں لکھتے ہیں۔ اس میں آپ کی تصاویر، ویڈیوز، پسند اور نا پسند کے بارے میں ہوتا ہے۔ پروفائل کی صورت میں آپ پانچ ہزار افراد تک فیس بک کے صارفین کو اپنا دوست بنا سکتے ہیں اس کے بعد فیس بک آپ کو اجازت نہیں دے گا۔ اس صورت میں اکثر افراد اپنی پروفائل کو ایک صفحے کی صورت میں بدل لیتے ہیں جس کی سہولت فیس بک کے نظام میں موجود ہے۔ اگر آپ کوئی صحافی یا سماجی شخصیت ہیں تو شاید آپ ذاتی اور سماجی زندگی کو علیحدہ رکھنا چاہیں جس کے لیے پروفائل اور پیج دونوں موجود ہیں۔

پیج
پیج یا صفحہ فیس بک کی پروفائل کا وہ روپ ہے جو عموماً مختلف اداروں کو دیا جاتا ہے لیکن بہت سی شخصیات بھی اسے استعمال کرتی ہیں۔ اس میں کئی خصوصی چیزیں شامل کر کے اسے اداروں کے لیے قابل عمل بنایا گیا ہے۔ جیسا کہ بی بی سی اردو کا فیس بک پر صفحہ ہے جسے اس مضمون کی اشاعت کے وقت ایک لاکھ اٹھائیس ہزار افراد سے زائد پسند کرتے ہیں یا اس کے فین ہیں۔

فین
اس کا فیس بک کی زبان میں ہرگز مطلب پنکھا نہیں ہے بلکہ یہ لفظ کسی فیس بک صفحے کو پسند کرنے والے افراد کے بارے میں استعمال کیا جاتا ہے۔ آپ ان افراد کی تعداد اپنے صفحے پر دیکھ سکتے ہیں۔

وال
یہ وہ صفحہ ہے جو آپ کی پروفائل کا مرکز ہوتا ہے جہاں آپ کی اور آپ کے دوستوں کی آپ کے لیے مختلف چیزیں جمع ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کے دوست نے آپ کی ایک تصویر کھینچی اور وہ آپ کو دکھانا چاہتے ہیں تو وہ اسے آپ کی وال پر لگا دیں گے جس سے آپ فوری اسے دیکھ سکیں گے۔

پرائیوسی
پرائیوسی کا اگر ایک کھلا مطلب فیس بک کی زبان میں لیا جائے تو وہ یہ ہے کہ آپ کیسے اپنی فیس بک کی پروفائل کو استعمال کرنا چاہیں گے۔ آپ اسے فرینڈز اونلی یعنی صرف دوستوں کی حد تک رکھ سکتے ہیں۔ دوسری صورت میں آپ فرینڈز آف فرینڈز یعنی دوستوں کے دوستوں کو اجازت دے سکتے ہیں کہ وہ بھی آپ کی پروفائل تک رسائی حاصل کرسکیں۔ آخری صورت ہے پبلک جس صورت میں آپ کی پروفائل فیس بک اور اس کے غیر صارفین سب کی رسائی میں ہو گی۔ فیس بک اس وقت آپ کو اجازت دیتا ہے کہ آپ اپنی ایک پوسٹ یا تصویر یا ویڈیو کی پرائیویسی علیحدہ سے کر سکیں جس صورت میں اگر آپ کی پروفائل کی پرائیویسی فرینڈز اونلی ہے تو آپ ایک ویڈیو یا تصویر کو پبلک کر کے سب سے شئیر کر سکتے ہیں۔

اگر آپ نہیں چاہتے کہ ہر شخص آپ کی تصاویر اور فیس بک پروفائل پر نظر ڈالے تو بہتر ہو گا کہ آپ اپنی پروفائل کی پرائیویسی کی سیٹنگ کو فرینڈز اونلی پر رکھیں۔

Share – شئیر
اگر آپ کو کوئی خبر یا تصویر پسند آتا ہے اور آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے دوست بھی اسے دیکھیں تو آپ اس کے نیچے دیے گئے شئیر کے لفظ پر کلک کر کے اسے شئیر کر سکتے ہیں۔ اس سے آپ ایک اچھی یا دلچسپ چیز لوگوں کے استفادہ کے لیے پھیلاتے ہیں۔

ٹیگ کرنا
فیس بک پر ٹیگ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ اگر کوئی تصویر یا خبر یا کچھ بھی اپنے کسی فرینڈ کے ساتھ شئیر کرنا چاہیں تو آپ اسے اس میں ٹیگ کر سکتے ہیں اور یہ اس دوست کا نام لکھنے سے فوراً آپ کے سامنے آ جاتا ہے۔ اس طرح اس دوست کو پتا چل جاتا ہے کہ آپ نے اس کے لیے کچھ شئیر کیا ہے۔

Like – لائک
اس انگریزی کے لفظ کا مطب پسند کرنا ہے اور فیس بک اس لفظ کو کئی معنوں میں لیتا ہے کیونکہ اگر آپ کوئی تصویر یا خبر کو لائک کرتے ہیں تو یہ آپ کے صفحے پر نظر آتی ہے اور دوسروں کو بھی نظر آتا ہے کہ آپ نے کیا پسند کیا ہے جس سے وہ بھی دیکھ سکتے ہیں۔

کہا جا رہا ہے کہ فیس بک جلد ہی شئیر کی جگہ پر لائک کو عام طور پر لاگو کرے گا جس کی مدد سے آپ مختلف مواد ایک دوسرے کے ساتھ شئیر کر پائیں گے لیکن ابھی اس بارے میں کوئی حتمی بات سامنے نہیں آئی ہے۔

Comment – کمنٹ
کسی خبر، تصویر، لنک یا دوسری کسی بھی چیز پر کمنٹ کرنے کا مطلب ہے اس پر اظہار رائے کرنا یا تبصرہ کرنا۔ اکثر فیس بک پر لمبی بحثیں ہوتی ہیں مختلف چیزوں پر جو کہ کمنٹس کی صورت میں ہوتی ہیں۔ بی بی سی اردو کے صفحے پر بھی ہمارے قارئین کمنٹس کرتے ہیں جنہیں ہم گاہے بگاہے مختلف رنگ میں استعمال کرتے رہتے ہیں۔

ٹائم لائن
فیس بک نے کچھ عرصہ قبل ایک نیا نظام شروع کیا جس کے تحت ایک فیس بک کے صارف کی پوری زندگی کا ایک خاکہ تیار کیا جاسکے جس میں پیدائش سے لے کر مختلف واقعات کو نمایاں کرنے سمیت کئی نئے طریق متعارف کروائے گئے۔ اس نئے نظام کو ٹائم لائن کہا جاتا ہے کیونہ یہ ایک فرد واحد کی زندگی کے تمام حالات و واقعات کو نمایاں کر کے دکھاتا ہے۔

فرینڈ
فیس بک پر اگر آپ سے کوئی رابطہ کرنا چاہتا ہے تو اسے آپ کو ایک فرینڈ ریکوئسٹ یا دوستی کا پیغام بھجوانا پڑے گا اور جب تک آپ اسے منظور نہیں کریں گے وہ شخص آپ کی تصاویر اور ذاتی معلومات تک رسائی نہیں حاصل کر سکے گا۔ لیکن اس کے لیے آپ کو اپنی پرائیوسی کی سیٹنگ ’صرف دوستوں‘ یا فرینڈز اونلی پر کرنا پڑے گا تاکہ صرف آپ کے دوست ہی آپ کی تصاویر، ویڈیوز اور دوسری چیزوں پر نظر ڈال سکیں۔

پوسٹ
جس طرح ٹوئٹر پر ٹویٹ ہوتی ہے اسی طرح فیس بک پر پوسٹ ہوتی ہے جس میں آپ کے پاس کافی حد تک لکھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔ اگر آپ کوئی تصویر، ویڈیو یا عمومی احوال لکھ کر اسے دوستوں کے ساتھ شئیر کرتے ہیں تو اسے پوسٹ کہا جاتا ہے۔ بی بی سی اردو کے فیس بک صفحے پر جو خبریں رکھی جاتی ہیں وہ بھی ایک طرح کی پوسٹ ہوتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

سوشل میڈیا کی اصطلاحات” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں